47

گلوکارہ نسیم بیگم کی برسی29 ستمبر کو منائی جائیگی

Spread the love

یصل آباد۔24 ستمبر(صنم ٹی وی آن لائن) پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور گلورکارہ اور لالی ووڈ کی فنکارہ نسیم بیگم کی 47 ویں برسی 29 ستمبر ہفتہ کو انتہائی عقیدت و احترا م سے منائی جائیگی۔ اس موقع پر ملک بھر کے نگار خانوں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا ۔ نسیم بیگم نے فلم گلفام ، شہید ، شام ڈھلے، الہلال ،سلمیٰ، زرقا سمیت سینکڑوں فلموں کیلئے بے شمار گیت گائے اور شہرت کی بلندیو ں کو چھوا ۔
کہیں دو دل جو مل جاتے بگڑتا کیا زمانے کا ، نینوں میں جل بھر آئے ، ڈولے میرے پائوں ، چھو لے میرے جھمکے، سانوریا من بھائیورے، سو بار چمن مہکا سو بار بہار آئی ، اس بے وفا کا شہر ہے اور ہم ہیں دوستو جیسے سدا بہار گیتوں نے نسیم بیگم کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا ۔
نسیم بیگم 1936ء میں امر تسرمیں پیدا ہوئیں ۔ انہوںنے موسیقی کا فن کلاسیکل گلوکارہ مختار بیگم سے سیکھا اور 1958ء میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا ۔
ان کا پہلا گانا فلم بے گناہ کیلئے ریکارڈکیا گیا جس کے بول نینوں میں جل بھر آئے تھے۔ نسیم بیگم کی آواز لتا منگیشتکر اور سمن کلیانپور سے بے حد مماثلت رکھتی تھی جبکہ انہیں ملکہ ترنم نور جہاں کا نعم البدل بھی تصور کیا جاتا تھا ۔ انہوںنے 1960ء سے 1964ء تک بہترین خاتون گلوکارہ کے طور پر 4نگار ایوارڈز جیتے ۔ ان کی پہلی فلم باجی 1963ء میں ریلیز ہوئی ۔
نسیم بیگم نے رشید عطرے اور اے حمید کے ساتھ خوب جوڑی جمائی۔ انہوںنے موسیقار اے حمید کے ساتھ مل کر فلم سہیلی کے معروف گانے ہم بھول گئے ہر بات مگر تیرا پیار نہیںبھولے کی دھنیں ترتیب دیں ۔ان کی موسیقی میں سلیم رضا کا گانا کہیں دو دل جو مل جاتے بگڑتا کیا زمانے کا بے حد مقبول ہوا۔ انہوںنے 1962ء میں فلم اولاد کا گانا نام لے لے کے تیراہم تو جیئے جائیں گے گایا جو زبان زد عام ہوا۔
انہوںنے ماسٹر عنایت حسین کی موسیقی میں بھی بہت سے گانے گائے۔ بادلوں میں چھپ رہا ہے چاند کیوں ، ایک تیرا سہارا، پھر تیری کہانی یاد آئی گا کر بھی نسیم بیگم نے خوب دھوم مچائی ۔ نسیم بیگم 1964ء میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچی جب انہوںنے فلم حویلی کیلئے گانا میرا بچھڑا بلم گھر آگیا گایا۔سدا بہار اور دل و دماغ میں ہمیشہ کیلئے نقش ہو جانے والے سینکڑوں خوبصورت نغمے گانے والی یہ دلفریب آواز29ستمبر 1971ء بروز پیر کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی۔ نسیم بیگم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کریگا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں